بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا؛ اگرچہ بہت سے لوگ عصری واقعات کا جائزہ جدید سیاسیات اور عمرانیات کے پیمانوں سے لیتے ہیں، لیکن ایک گہرا تجزیہ عیاں کرتا ہے کہ امام خمینی (رضوان اللہ علیہ) کی قیادت میں چلنے والی تحریک محض ایک نظام کی تبدیلی سے کہیں بڑھ کر تھی؛ یہ انسانی فکری افق میں ایک تبدیلی کی ترجمانی کرتی تھی؛ یعنی "مغربی مرکزیت" (Western subject-centrism - مغرب کو کائنات کا مرکز سمجھنے کے تصور) کے تعطل، سے نکل کر "توحید" اور "مہدوی" تہذیب کے افق کی جانب پیش قدمی۔ یہ ایک ایسا واقعہ تھا جس نے عصری دنیا کی فکری ساخت کو، بنیادی طور پر، بدل کر رکھ دیا۔
جصۂ دوئم
ملا صدرا اور ڈیکارٹ کے مابین تاریخی معرکہ: "ذہن" کا قیدخانہ یا "وجود" کی وسعت؟
انقلاب کے حقیقی پیغام کے ادراک کے لئے، اسلام اور مغرب کے درمیان جاری کشمکش کی فلسفیانہ جڑوں کا جائزہ لینا ضروری ہے۔ مشرق میں ملا صدرا کے ہم عصر، "رینے ڈیکارٹ" (René Descartes) نے فکر کے ایک ایسے انداز کی بنیاد رکھی جسے معروف جرمن فلسفی مارٹن ہائیڈیگر (Martin Heidegger) نے "نمایاں ترین فکری نمونہ" اور گذشتہ 400 سالہ کے عرصے کو مکمل طور پر اس کی قلمرو قرار دیا۔ ڈیکارٹ نے "حقیقت/سچائی" کو محض "انسانی ذہن کے اندر" (یعنی "ذہنیت" یا subjectivity) تک محدود کر دیا ـ ایک ایسا تصور جس نے "انسان پرستی" (Humanism) یا "انفرادیت پسندی (Individualism)" کو جنم دیا، جس میں کائنات کی "معروضی [اور عینی] حقیقت" (Objective truth) کے بجائے انسانی ادراک کو فوقیت دی گئی۔
جب "ذہنیت" (Subjectivity) کا غلبہ ہو، تو "ایمان" محض ایک ذہنی ساخت یا ذاتی پسند کا معاملہ بن کر رہ جاتا ہے۔ اس کی مثال یوں لی جا سکتی ہے جیسے کسی فلم کا ہدایت کار کسی ایسی خاتون کے عمل کو ـ جو اپنے فوت شدہ شوہر کے ساتھ وفاداری نبھا رہی ہو (اس غلط فہمی کی بنیاد پر کہ وہ ابھی بھی زندہ ہے) ـ "ایمان" کی ایک قسم قرار دے۔ اس نظریئے کے مطابق، "حقیقت/سچائی" بس وہی ہے جو مجھے محسوس ہوتی ہے، نہ کہ کوئی ایسی زندہ، سننے اور جاننے والی حقیقت جو انسانی ذہن سے آزاد ہو کر اپنا وجود رکھتی ہو۔
لیکن ملا صدرا کا فلسفہ اس کے مدمقابل کھڑا ہو گیا۔ ان کے مکتبِ فکر میں، حقیقت/سچائی کوئی فرضی یا محض تجریدی (Abstractive) تصور نہیں ہے؛ بلکہ یہ "خارجی حقیقت (External object)" اور وجود کا متن (Core of being) اور "وجود" کا جوہر ہے۔ ملا صدرا اپنی کتاب میں بیان کرتے ہیں کہ "وجود" (یعنی: خدا) ـ اپنی ہمہ گیریت، اشتمال، وسعت اور بداہت کے بدولت ـ کسی بھی تعریف و تشریح کی ضرورت سے بے نیاز ہے۔ فلسفی اصطلاح میں، اس کا نہ تو کوئی "جنس" (Genus) ہے اور نہ ہی کوئی "فصل" (Differentia) (ملا صدرا (صدرالدین محمد بن ابراہیم شیرازی)، کتاب المشاعر، صفحہ 6)۔ اسی فلسفیانہ اور عرفانی روایت سے استفادہ کرتے ہوئے، امام خمینی نے معاشرے کو "ماہیات" (quiddities)، تجریدی تصورات اور جدید تَشکیکیت (Skepticism) کے پردوں سے باہر نکالا "مطلق وجود" (Absolute Being) کے ساتھ براہِ راست تعلق کے دائرے میں داخلے کی طرف بلایا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بقلم: مرتضی شفقی
ترجمہ: ابو فروہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110
آپ کا تبصرہ